دکان دار کے مسائل: نئی پروڈکٹ کی بروقت فراہمی کا مسئلہ
ترقی کے موجودہ دورمیں دنیا ایک گلوبل ویلج کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ دنیا کے ایک کونے میں اگر کوئی بات ہوتی ہے تو پلک جھپکنے میں اس کی خبر پوری دنیا کو پہنچ جاتی ہے۔ اسی طرح سوشل میڈیا کی آمد نے انفارمیشن کے اس نظام کو مزید تقویت بخشی ہے۔ جہاں انفارمیشن کے اس نظام نے تمام شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کیا ہے وہاں اس سے کاروباری دنیا بھی بہت زیادہ متا ثر ہو ئی ہے۔
آج کے دورمیں تمام بڑی کمپنیاں اپنی ہرآنے والی پروڈکٹ کی بڑے زور و شور سے تشہیر کرتی ہیں۔ ٹی وی ، اخبار، ریڈیو حتٰی کہ سوشل میڈیا پر بھی ہر نئی آنے والی پروڈکٹ کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جاتی ہے جس کا مقصد کسٹمرز کے اندر اس چیز کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اور انہیں اس بات پرقائل کرنا ہوتا ہے کہ فلاں نئی پروڈکٹ ان کے لئے کس حد تک اہمیت و افادیت کی حامل ہے۔
اس طرح سے کمپنیاں اپنے کسٹمرز کے اندر ہرآنے والی پروڈکٹ کے حوالے سے شعور تو بیدار کر دیتی ہیں لیکن دوسری طرف اکثر اوقات کمپنیاں اس نئی پروڈکٹ کی بروقت مارکیٹ میں فراہمی کو یقینی بنانے میں ناکام رہتی ہیں۔ وسیع پیمانے پر کی جانے والی تشہیر کے ذریعے کمپنیاں پروڈکٹ کے حوالے سے کسٹمرز کو آگاہ تو کر دیتی ہیں لیکن جب مقامی مارکیٹ میں کسٹمراس پروڈکٹ کے حصول کے لئے جاتے ہیں تو دکان دار حضرات کی زبانی انہیں معلوم ہوتا ہے کہ مطلوبہ پروڈکٹ تو ابھی مارکیٹ میں آئی ہی نہیں چونکہ بے پناہ تشہیر نے کسٹمر کے ذہن میں یہ تاثر چھوڑا ہوتا ہے کہ پروڈکٹ مارکیٹ میں آچکی ہے اس لئے ایسی صورت میں وہ دکان دار کے اس طرح کے رویے کو ایک غیر پیشہ وارانہ رویے کے طور پر لیتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں دکان دار اس نئی پروڈکٹ کو لے کر کس قدر بے خبر اور غافل ہے ۔ کسٹمر کی طرف سے اس طرح کا گمان دکان دار کی ساکھ اور اس کے کاروبار کو بہت بری طرح متاثر کرتا ہے۔
کمپنیوں کو چاہیئے کہ کو ئی ایسی حکمتِ عملی اپنائیں کہ ہرنئی آنے والی پروڈکٹ کی تشہیر کے ساتھ ساتھ اس کی مارکیٹ میں فراہمی پر بھی نظر رکھیں۔ جیسے جیسے پروڈکٹ عوام الناس میں مقبول ہوتی جائے اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں اس کی فوری دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے حصول لے لئے کمپنیوں کو ڈسٹری بیوٹرز اور دکان دار حضرات سے مکمل رابطے میں رہنا چاہیئے بلکہ ہر نئی پروڈکٹ کی تقریبِ رونمائی میں ڈسٹری بیوٹرزاوردکان داروں کو مدعو کیا جانا چاہیئے تا کہ وہ بھی نئی آنے والی پروڈکٹ کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں اور اس کو مارکیٹ میں متعارف کرانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔
اس طرح دکا ن دار حضرات بھی نئی پروڈکٹ کو مارکیٹ میں بروقت لانے کے قابل ہو سکیں گے اور کمپنی کو اس پروڈکٹ کے حوالے سے کسٹمر حضرات کے رائے سے بھی آگاہ کر سکیں گے جو اس پروڈکٹ کی مزید تیاری کے حوالے سے مدد گار ثابت ہو گی۔