دکان دار کے مسائل: پروڈکٹ کی قلت پیدا ہونا
جدید معیشت اور کاروباری دنیا طلب اور رسد کے قانون کے مطابق چلتی ہے۔ یعنی کسی بھی پروڈکٹ کی مارکیٹ میں فراہمی اس پرڈکٹ کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ یا طلب کے مطابق عمل میں لائی جاتی ہے۔ ایسا نہیں ہوتا کہ کوئی بھی پروڈکٹ جس کی طلب نہ ہونے کے برابر ہو اور کمپنی اس کو دھڑا دھڑ مارکیٹ میں سپلائی کرتی جائے۔ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی پروڈکٹ کی طلب اس حد تک بڑھ جاتی ہے کہ ڈسٹری بیوٹراس کو فوری طور پر مارکیٹ میں فراہم کرنے میں ناکام رہتے ہیں اور اس مطلوبہ پروڈکٹ کی مارکیٹ میں قلت پیدا ہو جاتی ہے جسے کسی پروڈکٹ کا آؤٹ آف سٹاک ہو جانا بھی کہتے ہیں۔
جب کسی ایسی پروڈکٹ کی قلت پیدا ہوتی ہے جس کی مارکیٹ میں بہت زیادہ مانگ ہوتی ہے تواس کا سب سے زیادہ نقصان دکا ن دار کو ہوتا ہے کیونکہ کمپنی تو ڈسٹری بیوٹر کو مال دے کر بری الزمہ ہو جاتی ہے اور ڈسٹری بیوٹر بھی مال فراہم کرکے اپنا کمیشن لے کر اس متعلقہ پروڈکٹ سے لاتعلق ہوجاتا ہے لیکن دکان دار کو مارکیٹ کے رجحان کے مطابق پروڈکٹ کو فروخت کرنا ہوتا ہے۔ یعنی کسٹمر کی جتنی ڈیمانڈ ہو دکان دار کو اس ڈیمانڈ کے حساب سے پروڈکٹ مارکیٹ میں لانی ہوتی ہے اوراگر کسی پروڈکٹ کی ڈیمانڈ غیر معمولی طور پر بڑھ جائے تو دکان دار اس کو فوری طور پر فراہم کرنے میں ناکام ہو جاتا اور مارکیٹ میں اس کی قلت یا بحران پیدا ہو جاتا ہے۔
اس طرح کی وقتی قلت سے دکان دارکی ساکھ کو بہت زیادہ نقصان پہنچتا ہے۔ ایسے حالات میں کمپنی اور ڈسٹری بیوٹر بھی اسے متعلقہ پروڈکٹ فوری طور پر مہیا نہیں کر پاتے جس کی وجہ سے کسٹمر حضرات کئی کئی چکر کاٹنے کے باوجود بھی مطلوبہ پروڈکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں اور آہستہ آہستہ اس دکان دار سے متنفر ہو جاتے ہیں۔
یہ ایک نہایت اہم اورسنجیدہ مسئلہ ہے جس سے دکان دارانفرادی طور پرنبرآزما نہیں ہو سکتا بلکہ اس کے حل کے لئے اسے بیک وقت کمپنی اورڈسٹری بیوٹر دونوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ کمپنی کو چاہیئے کہ وہ مقامی سطح پر ایسے سروے وغیرہ کروائے جس سے اسے مارکیٹ کے اندر کسی بھی پروڈکٹ کے طلب کے حوالے سے بخوبی اندازہ ہوسکے۔ اس طرح کمپنی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ سے لمحہ بہ لمحہ با خبر رہے گی اور انہی اطلاعات کی روشنی میں ایسی پروڈکٹ جس کی مارکیٹ میں ضرورت ہے اس کی تیاری اس کی طلب کو مدِ نظر کر سکے گی۔
اس ضمن میں دوسرا اہم فرض ڈسٹری بیوٹر کا بنتا ہے کہ وہ کمپنی کو بروقت اطلاع کرے کہ فلاں پروڈکٹ کے آؤٹ آف سٹاک ہونے کا خطرہ ہے لہذٰا اس کی پیداوار میں مزید اضافہ کیا جائے۔ اسی طرح دکان دار کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ وہ ایسی صورتِ حال میں صرف ڈسٹری بیوٹر پرانحصار نہ کرے بلکہ براہ راست کمپنی سے رابطہ کرے اور اسے معاملے کی سنگینی سے آگاہ کرے تاکہ وہ مستقبل قریب میں ہونے والے نقصان سے بچ سکے۔